کشمیری بچوں کی حفاظت اور اسکول بھیجنا زندگی کا مشن ،صاحبزادی یاسین ملک

05 فروری ، 2023

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)حریت کشمیری رہنما یاسین ملک کی صاحبزادی رضیہ سلطانہ نےبھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں معصوم بچوں پر بھارتی افواج کےظلم و ستم اور بربریت پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ سر کاری ریڈیوکے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری بچوں کوبنیادی تعلیمی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور پیلٹ گن کا استعمال بچوں اور ان کے والدین کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ رضیہ سلطانہ نے کہا کہ کشمیری بچوں کی حفاظت اور انہیں اسکول بھیجنا ان کی زندگی کا مشن ہے۔ اس کے لیے انہوں نے پاکستانی بچوں سے تعاون کی اپیل بھی کی۔ رضیہ سلطانہ نے بہادری سے للکارتے ہوئے کہا کہ وہ مودی سے نہیں ڈرتی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور بھارت ان کے والد یاسین ملک سے خوفزدہ ہیں اور اسی وجہ سے انہیں قید کیا گیا ہے۔ رضیہ سلطانہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میں بند لوگوں نے کوئی جرم نہیں کیا اور ان کی حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد پرامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ مسلمانوں کا قتل جرم ہے اور اس کا خاتمہ ہونا چاہیے۔