سی ٹی ڈی کی کارروائی،کالعدم تنظیموں کے9دہشتگرد گرفتار

05 فروری ، 2023

لاہور(کرائم رپورٹر)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے بڑی کارروائی کر کے کالعدم تنظیموں کے9مبینہ دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاعات پر صوبہ کے مختلف اضلاع میں 20آپریشنزکیے، جس میں 20مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے9 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ، دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا۔گرفتار دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم تحرک طالبان پاکستان کے6 ارکان عبدالرحمن، روید خان، حنیف اللہ خان، جلیل احمد،باسط علی، جنید علی اور القاعدہ کے 3 ارکان غلام اللہ، احمد حسن اورامداد اللہ شامل ہیں۔ترجمان نے کہاکہ گرفتار دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات،دہشتگردانہ کاروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے،پولیس نے گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف گوجرانوالہ،ڈیرہ غازی خان، بہاولپوراور لاہور میں 6مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ترجمان نے مزید کہاکہ رواں ہفتے کے دوران سی ٹی ڈی پنجاب نے مقامی پولیس اور سیکورٹی اداروں کی مدد سے صوبہ بھر میں مختلف شہروں میں 476 کومبنگ آپریشنز کئے گئے‘ان کومبنگ آپریشنز کے دوران25865افراد کو چیک کیا گیا،91 مشتبہ افراد گرفتار67 ایف آئی آر درج جبکہ 49 بازیابیاں کی گئیں۔