کمیشن عام انتخابات کیلئےسکیورٹی اداروں سے مشاورت کرے، گورنر KP

05 فروری ، 2023

پشاور(این این آئی،جنگ نیوز)گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہےکہ بینظیر کی شہادت پر بھی الیکشن ملتوی ہوئے تھے ،آج تو صوبے کے ہر ضلع میں سانحے ہورہے ہیں،کمیشن عام انتخابات کے حوالے سے سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کرے، لاشیں نہیں اٹھانیں ، ایسا ماحول پیدا کرنا ہے کہ ووٹر آزادانہ طریقے سے گھر سے نکلے اور ووٹ ڈالے۔ ایل آر ایچ میں پولیس لائنز دھماکے کےزخمیوں کی عیادت کے بعد حاجی غلام علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور پولیس لائنز قومی سانحہ ہے جس پر پوری قوم کو تکلیف پہنچی ،صوبے کے عوام اور بالخصوص خیبرپختونخوا پولیس کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔پوری قوم خیبرپختونخوا پولیس، پاک فوج اور دیگرسیکورٹی فورسزکے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اس موقع پرنگران صوبائی وزیر عدنان جلیل اور سیکرٹری محکمہ صحت بھی موجودتھے۔ گورنرحاجی غلام علی نے اس موقع پر وزیراعظم محمدشہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء،سندھ، پنجاب، بلوچستان، گلگت بلتستان کے وزراء اعلی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کابھی شکریہ اداکیا جنہوں نے سانحہ پولیس لائنز کے فوراً بعد پشاور کا دورہ کیا اور ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان کو حوصلہ دیا۔ گورنرنے وفاقی حکومت کی جانب سے شہداء اورزخمیوں کیلئے امدادی پیکج کے اعلان اور وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کی جانب سے شہداء کے لواحقین کو 10،10 لاکھ اور زخمیوں کو5،5 لاکھ روپے امداد کے اعلان پر بھی اپنی اورصوبے کے عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کودعوت دی گئی تاہم ایک سیاسی جماعت کی عدم شرکت اور اس المناک سانحہ پربھی ان کا اکٹھا نہ ہونا افسوسناک ہے۔ الیکشن کے حوالے سے ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے کہاکہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو خط بھیج دیا ہے اور انہیں تجویز دی ہے کہ وہ الیکشن کے انعقاد سے پہلے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکرمشاورت کریں اور مجموعی صورتحال کاجائزہ لے کر اتفاق رائے سے الیکشن کے حوالے سے فیصلہ کریں ، وزیر اعلیٰ اور گورنر ایک پیج پر ہیں، واقعہ سے پہلے بھی کہا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی بیٹھک ہونی چاہے، اب اس حملے نے پولیس کو نیا جذبہ بخشا، ان کا مورال مزید بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں ہر چیز پر بات ہوئی، مگر ایک پارٹی نے شرکت نہیں کی، اب قوم فیصلہ کرے کہ ایسے حالات میں بھی یہ ایک نہیں ہوتے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کے حوالے سے سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کرے تاکہ شفاف اور پر امن الیکشن کا انعقاد ممکن ہو، بینظیر بھٹو کی شہادت پر بھی الیکشن ملتوی ہوئے تھے وہ ایک سانحہ تھا، آج تو صوبے کے ہر ضلع میں سانحے ہورہے ہیں۔ گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلا علی نے کہاہے کہ وہ بحیثیت گورنر پورے صوبے بشمول ضم اضلاع کے عوام کے مسائل ومشکلات کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے،وزیراعلی،صوبائی کابینہ اور ہم عوام کی مشکلات کے خاتمے اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک پیج پر ہیں، ایل آر ایچ صرف پشاور نہیں بلکہ صوبہ بھر کے عوام کا ہسپتال ہے، صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اُن کی ضروریات کوپوراکرنا وقت کی ضرورت ہے اورصحت کی سہولیات میں مزید بہتری کی کوشش کریں گے، گورنر نے دورہ ایل آرایچ کے موقع پر ہسپتال انتظامیہ کواپنی جانب سے2 جرمن ڈائیلاسز مشینیں عطیہ کیں اور آئندہ بھی صوبے کے ہسپتالوں کے ساتھ اپنی جانب سے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔