پشاورپو لیس لائنز حملہ ،ASIایلیٹ فورس کو4گھنٹے بعد ملبے سے زندہ نکال لیا گیا

05 فروری ، 2023

سوات(نمائندہ جنگ)سوات کے علاقے باغ ڈھیرئی سے تعلق رکھنے والے ایلیٹ فورس کے اے ایس آئی حضرت حسین کو4گھنٹے بعد ملبے تلے سے زندہ نکال لیا گیا۔ کاش خود کش حملہ آور سے سامنا ہوتا تو گلے لگاکر اپنی فورس کے جوانوں کی زندگی بچالیتا۔ زخمی ہونے والے اے ایس آئی حضرت حسین نے میڈیا کو بتایا کہ ہم سپیشل کورس کے لئے پشاور گئے تھے،دھماکے کے دن تربیتی سیشن سے فارغ ہوکر میں اور شہید سپاہی نظیم خان نے اپنے بارک میں وضو کرکے مسجدگئے۔ ہم تیسری صف میں کھڑے تھے۔جماعت کھڑی ہوئی اورجوں ہی اقامت ہوئی تو اس دوران دھماکہ ہوا اور ہم پر عمارت نیچے گرگئی۔ مجھے کب اور کیسے ملبے سے نکالا گیا؟ مجھے کچھ یاد نہیں لیکن جب میں ہوش میں آیا تو میں ہسپتال میں تھا۔انہوں نے بتایا کہ جب مجھے اپنے دوست سپاہی نظیم خان کی شہادت کا پتہ چلا تو افسوس کیا کہ کاش اس کی جگہ میں شہید ہوجاتا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں اور ملک وقوم کی خاطر وہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔