افغانستان میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی کیخلاف احتجاج کرنیوالا لیکچرار گرفتار

05 فروری ، 2023

کراچی(نیوزڈیسک)افغانستان میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی کے خلاف ٹی وی پر احتجاج کرنے والے یونیورسٹی لیکچرار کو گرفتار کرلیا گیا۔خبرایجنسی کے مطابق شعبہ صحافت کے معروف لیکچرار اسماعیل مشعل نے طالبان حکام کی طرف سے خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے گزشتہ سال دسمبر میں ٹی وی پر اپنی ڈگری اور سرٹیفکیٹس پھاڑ کر پھینک دیے تھے۔اب طالبان حکومت نے یونیورسٹی لیکچرار کو گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ افغان وزارت اطلاعات و ثقافت کے وزیر عبدالحق حماد نے جاری بیان میں لیکچرار کو گرفتار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیکچرار کافی عرصے سے اشتعال پھیلانے میں مصروف تھے اس لیے سکیورٹی اداروں نے تفتیش کے لیے انہیں گرفتارکیا۔رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں اسماعیل مشعل کو کابل میں راستے میں ملنے والے شہریوں کو کتابیں پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔