وزیراعظم نے لاشوں پر سیاست اور پشاور آکر نمک پاشی کی،شوکت یوسفزئی

05 فروری ، 2023

پشاور ( نیوز ایجنسیز) تحریک انصاف کے رہنماءشوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعظم نے لاشوں پر سیاست اور پشاور آکر نمک پاشی کی، امپورٹڈ حکومت ملکی حالات کی بہتری میں سنجیدہ نہیں، مشکلات کی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے جس کا واحد حل فوری انتخابات ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کے بیان پر تحریک انصاف کا رد عمل دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہمیں انتقامی کارروائیاں،دوسری طرف مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں ،شہباز شریف نے 417 روپے کا حساب مانگا ہے تو ابھی صوبے میں اپنی حکومت سے لیں ہم نے دس سال میں سکیورٹی پر 10 بلین روپے خرچ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 417 ارب این ایف سی کے تحت صوبے کو جنگ میں نقصانات کے ازالے کےلئے دیئے گئے تھے ہم نے پولیس کو مالی اور انتظامی خودمختاری دی، سی ٹی ڈی کا بجٹ دگنا کیا،امپورٹڈ حکومت نے متاثرین سیلاب کیلئے اعلان کردہ 10 ارب میں ایک پائی بھی نہیں دی۔