بھارتی ٹیم نہیں آئیگی توپاکستان بھی اپنے کھلاڑی نہیں بھیجے گا،PCB

05 فروری ، 2023

کراچی(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ جنگ)پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین نجم سیٹھی نے ہفتے کو بحرین میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں دھمکی دی ہے کہ اگر ستمبر میں پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے بھارتی ٹیم نہیں آئے گی تو اکتوبر میں پاکستان بھی ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے اپنی ٹیم بھارت نہیں بھیجے گا اگر ایسا ہوگیا تو یہ پہلا موقع ہوگا جب کرکٹ ورلڈ کپ پاکستان کے بغیر ہوگا۔آئی سی سی کے قانون کے مطابق اگر حکومت کی اجازت نہ ہو تو کوئی بھی ملک ورلڈ کپ سے دستبردار ہوسکتا ہے۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد کی جانب سے دھمکی آنے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے اہم اجلاس میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا۔واضع رہے کہ اس سال ستمبر میں پاکستان میں ایشیا کپ ہونا ہے جبکہ ایک ماہ بعد بھارت میں پچاس اوورز کا ورلڈ کپ ہوگا۔بھارتی بورڈ پہلے ہی اعلان کرچکا ہے کہ اس کی ٹیم پاکستان نہیں جانا چاہتی اس لئے ایشیا کپ کو تیسرے ملک میں کرایا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی جانب سے سخت گیر موقف کے بعد اب ایشین کرکٹ کونسل کی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کو آئندہ ماہ طلب کیا گیا ہے۔مارچ ہی میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس بھی ہے۔دونوں اجلاس ایک ساتھ ہوں گے جس میں ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لئے درمیان کی راہ نکالی جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں نجم سیٹھی نےپی سی بی کے سرپرست اعلیٰ اورو زیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی اور ان کی رہنمائی کے بعد وہ اجلاس میں شرکت کے لئے گئے تھے۔ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھارتی وزیر داخلہ امیت کے بیٹے جے شاہ ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیا کپ متاثر ہوا تو ورلڈ کپ کے ساتھ چیمپینز ٹرافی پر بھی ڈیڈ لاک ہوگا۔پاکستان نے2025میں آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا خیال ہے کہ اگر بھارت اس سال ایشیا کپ کے لئے اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجے گا تو چیمپنز ٹرافی میں اس کی شرکت مشکوک ہوجائے گی۔