اپنے گندے ہاتھوں کو دور رکھیں،ترک وزیر داخلہ امریکی سفیر پر برہم

05 فروری ، 2023

استنبول(صباح نیوز) ترکیہ کے وزیر داخلہ دہشت گردی کے خطرے کا الرٹ جاری کرنے پر امریکی سفیر پر برہم ہوگئے ہیں۔ ترک وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے امریکی سفیر پر ترکیہ کو نقصان پہنچانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا میں جانتا ہوں آپ نے کن صحافیوں کو آرٹیکل لکھنے پر مجبور کیا، اپنے گندے ہاتھوں کو ترکیہ سے دور رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں واضح طور پر جانتا ہوں کہ آپ نے ترکیہ کو نقصان پہنچانے کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔ اس کے علاوہ دہشت گردی الرٹ کے نوٹسز کے اجرا پر امریکہ سمیت نو ممالک کے سفیروں کو طلب کرلیا گیا۔ ترک وزیر خارجہ نے بھی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور جرمنی سمیت مغربی ممالک نے اپنے دعوے سے متعلق کوئی معلومات نہیں دی ہیں کہ سکیورٹی خطرات نے انھیں اپنے مشن بند کرنے پر اکسایا ہے۔ یاد رہے گزشتہ ہفتے، فرانس، جرمنی، اٹلی، امریکہ اور دیگر ممالک نے اپنے شہریوں کو ترکی کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ جرمنی، فرانس، ہالینڈ، بلجیم اور سوئٹزرلینڈ سمیت متعدد مغربی ممالک نے سیکورٹی خدشات پر اپنے قونصل خانے عارضی طور پر بند کردیئے ہیں۔