اسلام آباد ، تفریحی پارک میں مسلح افراد کی لڑکی سے زیادتی

05 فروری ، 2023

اسلام آباد، وہاڑی (جنگ نیوز، آئی این پی) اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں میاں چنوں کی رہائشی لڑکی کیساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ ادھر وہاڑی میں چلتی بس کے دوران خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھیانک واردات ایف نائن پارک میں ہوئی، مسلح افراد نے لڑکی سے زیادتی کی۔ لڑکی ہواخوری کیلئے دوست کے ساتھ پارک آئی تھی، مسلح افراد نے چہل قدمی کرتے وقت روکا، لڑکی کو الگ لے گئے، جان سے مارنے کی دھمکی دی، شور کرنے پر تھپڑ مارے، درختوں کے جھنڈ میں لے جا کر تشدد کیا، کپڑے پھاڑ ڈالے اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کو بیان میں لڑکی نے کہا کہ دو حملہ آوروں نے زیادتی کی، زیادتی کے بعد کپڑے دور پھینک دیئے تاکہ وہ بھاگ نہ سکے۔ ملزمان نے زیادتی کے بعد لڑکی سے کہا کہ شام کے وقت پارک نہ آیا کرو۔ مارگلہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا جبکہ سی سی ٹی وی وڈیو کے ذریعے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ معاملے میں پارک عملہ بھی شاملِ تفتیش ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مشکوک افراد کے ڈی این اے بھی لیے جا رہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ادھر وہاڑی میں مسافر بس میں 18 سال کی بس ہوسٹس کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق بس کے گارڈ نے اسلحہ کے زورپربس ہوسٹس کو زیادتی کا نشانہ بنایا ور فرار ہوگیا جسے بعدازاں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ چلتی بس میں پیش آیا، بس مسافروں سےخالی تھی کہ دانیوال کی حدود میں گارڈ نے بس کو لاک کرکے بس ہوسٹس سے زیادتی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زیادتی کا شکار متاثرہ بس ہوسٹس کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق تھانہ دانیوال پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔