ایس آر او کے ذریعے سگریٹ پر ایف ای ڈی میں اضافہ درست سمت میں ایک قدم ہے،ماہرین تعلیم

24 فروری ، 2023

اسلام آباد(نامہ نگار)ماہرین تعلیم نے کہا کہ ایس آر او کے ذریعے سگریٹ پر ایف ای ڈی میں اضافہ درست سمت میں ایک قدم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو تمباکو مینوفیکچررز کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکنا چاہئے۔ قائد اعظم یونیورسٹی (کیو اے یو) کے شعبہ سوشیالوجی کے بانی چیئرمین ڈاکٹر محمد زمان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یورپ میں جان بوجھ کر سگریٹ کو اتنا مہنگا کر دیا جاتا ہے کہ وہ برداشت نہیں کر سکتے۔ ڈاکٹر زمان نے جرمنی میں تحقیق کی اور یورپی یونیورسٹیوں کے تحقیقی گروپوں میں مستقل شخصیت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جرمنی اور فرانس کی مارکیٹوں کی کڑی نگرانی کی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ نہ صرف سگریٹ پر بھاری ٹیکس عائد کیا جاتا ہے بلکہ عوامی مقامات پر بھی ان کی اجازت نہیں ہے۔ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈاکٹر حسن شہزاد نے کہا کہ سوشل میڈیا پر حکومت پر سگریٹ پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو قابل مذمت ہے۔سگریٹ بنانے والوں کو اپنی مصنوعات کی تشہیر کرنے کی اجازت نہیں ہے اس لئے اب وہ اشتہاری بجٹ کو حکومت سے ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر بحث پیدا کرنے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ڈاکٹر شہزاد نے کہا کہ اگر سگریٹ کے نقصانات پر مناسب طریقے سے تحقیق کی جائے تو فیصلہ ساز یقینی طور پر اس پر مزید ٹیکس عائد کریں گے۔