پاکستان کی تشویشناک سیاسی صورتحال سے مقتدر حلقوں میں بے چینی

18 مارچ ، 2023

کراچی (جنگ نیوز)پاکستان کی تشویشناک سیاسی صورتحال کے پیش نظر مقتدر حلقوں کے اندربہت بے چینی پائی جانے کی اطلاعات ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ تیزی سے سیاسی عناصر کی جانب سے بدنظمی دہشت گردی کرنے کے عمل کو تشویش کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔ کہا جا رہا ہے نئے بوٹوں والی فورس ان سارے حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔ آئندہ چند دنوں میں بڑے فیصلے ہونے جا رہے ہیں، سیاسی اکائیوں کو مسلسل کہا جا رہا ہے کہ حالات نہ بگڑنے دیں۔ انڈیا اس حوالے سے خاصا متحرک ہے، اسکے پے رول پر رہنے والے عناصر سیاسی ورکروں کے روپ میں ہر موقع سے فائدہ اٹھانے کا موقع ضائع نہیں کریں گے۔ اگر پنجاب میں خون خرابہ ہوگیا تو مقتدر حلقے بڑے فیصلے ، کوئی بڑا اعلان کرنے سےگریز نہیں کریںگے، سیاسی اکائیاں جیل میںہونگی۔ اطلاع ہےکہ لاہورکے اندرہونے والی ہنگامہ آرائی سے مقتدر حلقوں کی تشویش میں اضافہ ہو گیاہے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مارشل لاء اورایمرجنسی سے ہٹ کر بھی فیصلے ہوسکتے ہیں۔مقتدر حلقوں کے اندر اس بات پر اتفاق ہے کہ ملک میں امن وامان رہنا چاہئے، سیاسی اکائیاں اپنے فیصلے خودکریں اگرایسا نہ ہوا تو ملک کی سلامتی بھی خطر ے میں جا سکتی ہے اور معیشت بھی مزیدخراب ہو سکتی ہے۔