حکومت اور رولزرائس میں مون بیس جوہری توانائی معاہدے پر دستخط

18 مارچ ، 2023

لندن (پی اے) حکومت نے رولز رائس کے ساتھ 2.9 ملین پونڈز کے مون بیس جوہری توانائی کے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ رولز رائس کے سائنسدان اور انجینئرز یہ تحقیق کریں گے کہ مستقبل میں چاند کی بنیاد کو سہارا دینے کے لئے جوہری توانائی کس طرح استعمال کی جا سکتی ہے۔یوکے اسپیس ایجنسی نے ڈربی میں قائم فرم کو 2.9 ملین پاؤنڈ فراہم کردیئے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں چاند کی بستیوں کو طاقت دینے کے طریقوں کا جائزہ لیں۔ کمپنی سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ بتائے کہ جوہری مائیکرو ری ایکٹر چاند پر مستقبل کے مشن کی مدت کو کیسے بڑھا سکتے ہیں۔حکومت نے کہا کہ یہ معاہدہ برطانیہ کی خلائی صنعت کو فروغ دے گا اور ہنر مند ملازمتیں پیدا کرے گا۔ یو کے اسپیس ایجنسی نے کہا کہ وہ چاند پر مواصلات، زندگی کی مدد اور سائنسی تجربات کے لئے سسٹمز کو سپورٹ کرنے کے لئے ایک نئی پاور سورس قائم کرنا چاہتی ہے۔ ایجنسی کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر پال بیٹ نے کہا کہ ہم ٹیکنالوجی اور صلاحیتوں کو سپورٹ کر رہے ہیں تاکہ خلائی تحقیق کے اہم مشنز کو کامیاب کیا جا سکے اور پورے برطانیہ میں اس سیکٹر کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ خلائی نیوکلیئر پاور کی ترقی جدید ٹیکنالوجیز کو سپورٹ کرنے اور جوہری، سائنس اور خلائی انجینئرنگ کی مہارت کی بنیاد کو بڑھانے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔ رولز رائس کی یہ جدید تحقیق چاند پر مسلسل انسانی موجودگی کو تقویت دینے کے لئے بنیاد رکھ سکتی ہے جبکہ برطانیہ کے وسیع تر خلائی شعبے میں اضافی ملازمتیں پیدا کرنے کے لئے مزید سرمایہ کاری پیدا کر سکتی ہے۔ رولز رائس نے کہا کہ وہ 2029 تک چاند پر بھیجنے کے لئے ایک ری ایکٹر تیار کرنا چاہتا ہے۔ کمپنی اس منصوبے پر یونیورسٹی آف آکسفورڈ، یونیورسٹی آف بنگور، یونیورسٹی آف برائٹن، یونیورسٹی آف شفیلڈ کے ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ ریسرچ سینٹر (اے ایم آر سی) اور نیوکلیئر اے ایم آر سی کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ سائنس، انووینشن اور ٹیکنالوجی کے محکمے کے وزیر مملکت جارج فری مین نے کہا کہ خلائی تحقیق ان بہت سی تبدیلیوں کی ٹیکنالوجیز کے لئے حتمی تجربہ گاہ ہے، جن کی ہمیں زمین پر ضرورت ہے، اس میں مواد سے لے کر روبوٹکس، نیوٹریشن، کلین ٹیک اور بہت کچھ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم 50 سال سے زیادہ عرصے میں پہلی بار انسانوں کو چاند پر لوٹتے ہوئے دیکھنے کے لئے تیاری کر رہے ہیں، تو ہم اس چاند کے ماڈیولر ری ایکٹر جیسی دلچسپ تحقیق کی حمایت کر رہے ہیں جو کہ رولز رائس سے ایک قمری اڈے کیلئے توانائی کے نئے ذرائع کا آغاز کر رہے ہیں۔ رولز روائس کے مستقبل کے پروگراموں کے ڈائریکٹر ابی کلیٹن نے کہا ہےکہ یو کے اسپیس ایجنسی کی جانب سے فنڈنگ کی نئی قسط کا مطلب رولز روائس مائیکرو ری ایکٹر پروگرام کے لئے بہت کچھ ہے۔ یہ ہمیں مائیکرو ری ایکٹر کو حقیقت بنانے میں مزید آگے لے آئے گا، اس ٹیکنالوجی کے ذریعے خلا اور زمین دونوں کے لئے بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے۔