سعودی عرب سے معاہدہ، ایران حوثی باغیوں کو اسلحہ کی ترسیل بند کرنے پر رضامند

18 مارچ ، 2023

تہران (این این آئی )ایران نے مبینہ طورپریمن میں حوثی ملیشیا کوہرقسم کے ہتھیاروں کی خفیہ ترسیل روکنے پررضامندی ظاہرکی ہے اوراس کا یہ اقدام سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کیلئے چین کی ثالثی میں طے شدہ حالیہ معاہدے کا حصہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور ایران نے گذشتہ جمعہ کواعلان کیا تھا کہ وہ سفارتی تعلقات بحال کرنے کے لیے بیجنگ میں چین کی ثالثی میں مذاکرات کے بعد ایک معاہد ے پر متفق ہوگئے ہیں ۔ امریکی اخبار کی ایک رپورٹ میں امریکی اورسعودی حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اگر ایران یمن میں حوثیوں کو اسلحہ کی ترسیل بند کردیتا ہے تو اس سے تہران کی حمایت یافتہ ملیشیا پریمن میں جاری تنازع کے خاتمے اورامن معاہدے کے لیے دباؤ پڑے گا۔ ایک امریکی عہدہ دار کے حوالے سے کہاگیا ہے کہ تعلقات کی بحالی کے معاہدے نے مستقبل قریب میں یمن کے تنازع کے ممکنہ حل کی امید پیدا کردی ہے نیزاس تنازع کے بارے میں ایران کا نقطہ نظر بیجنگ کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کی کامیابی کے لیے ایک امتحان ہوگا۔رپورٹ کے مطابق دوطرفہ سفارتی تعلقات بحال کرنے کے معاہدے کے اعلان کے بعد دونوں ممالک کے حکام نے کہا تھا کہ ایران حوثیوں پر زور دے گا کہ وہ سعودی عرب پرمسلح حملے بند کریں۔