معاشی بحران سے نکلنے کیلئے تمام قیادت کو سرجوڑ کر بیٹھنا ہو گا ، اعظم تارڑ

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی ویر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کو ملک اور عوام کی بہتری کیلئے ایک ساتھ مل بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دلائل سے ایک دوسرے کو قائل کر نا سیاست کہلاتا ہے ، ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کے لئے تمام قیادت کو سرجوڑ کر بیٹھنا ہو گا ، معاشی معاملات بہتری کی بجائے ابتری کی جانا لمحہ فکریہ ہے۔ سینیٹ آف پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کے آخری روز اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ اس ایوان میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی طرف سے گولڈن جوبلی تقریبات کے دوران اظہار خیال سے آئندہ کی راہیں متعین کرنے میں آسانیاں پیدا ہوں گی ۔انہوں نے کہاکہ اس شاندار تقریب کے انعقاد پر چیئرمین سینیٹ ، ان کی ٹیم ، سیکرٹری سینیٹ ، پروٹوکول سیکشن ، میڈیاسیکشن سمیت سب مبارک باد کے مستحق ہیں ، ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس فورم سے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ریاست پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے اور پاکستان کے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے آج تمام سیاسی قوتوں کو ایک ساتھ سرجوڑ کر ملک کے سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔