آئی جی پنجاب پولیس کی عمران خان کے گھر تک رسائی کیلئے درخواست

18 مارچ ، 2023

لاہور (اے پی پی) آئی جی پنجاب پولیس نے زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے گھر تک رسائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جائے وقوعہ اور عمران خان کے گھر تک بغیر کسی رکاوٹ کے رسائی کی اجازت دی جائے، جائے وقوعہ پر کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی کاشک ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد کے ڈی آئی جی اور کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے، زمان پارک کے کئی رہائشی 14 اور 15مارچ کے واقعات پر اندراج مقدمہ کیلئے آ رہے ہیں، پولیس نے چار مقدمات درج کیے ہیں۔آئی جی نے درخواست میں کہا ہے کہ عدالت نے پولیس کو واپس آنے کا کہا اس لیے تفتیش نہیں کر پارہے، تفتیش اور شہادت اکٹھی کرنے کیلئے جائے وقوعہ تک رسائی ضروری ہے اور رسائی کے بغیر تفتیش کا عمل مکمل نہیں ہوسکتا۔ استدعا ہے کہ عدالت جائے وقوعہ پر جانے اور شہادت اکٹھی کرنے کی اجازت دے۔ آئی جی پنجاب پولیس کی دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ سماعت کریں گے ۔