عمران خان کی پیشی ،اسلام آبادہائیکورٹ کا سیکورٹی اقدامات کیلئے سرکلر جاری

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 21مارچ کو ہائی کورٹ پیشی پر سکیورٹی سمیت دیگر اقدامات کیلئے سرکلر جاری کر دیا ہے۔ رجسٹرارآفس سے جاری سرکلر میں ضلع انتظامیہ کوسکیورٹی انتظامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورٹ روم نمبر 1 میں وکلا اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہو گا۔ عمران خان کیساتھ 15 وکلا کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہو گی جبکہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلا کمرہ عدالت جا سکیں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30 ممبران کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہو گی۔ سرکلر کے مطابق کمرہ عدالت میں داخلے کیلئے خصوصی پاس بنانے کیلئے 20 مارچ تک لسٹیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کو خصوصی پاس اور ڈیپارٹمنٹ کارڈ کے حامل افراد کو احاطہ عدالت میں نہ روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خصوصی پاسز رکھنے والے افراد کو کمرہ عدالت نمبر ایک میں جانے کی اجازت ہو گی۔ اقدام قتل کے مقدمے میں عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر 21 مارچ کو دن اڑھائی بجے سماعت ہو گی۔