سیاسی ڈان عمران کو من پسند انصاف مل جاتا ہے، مریم نواز

18 مارچ ، 2023

لاہو(ٹی وی رپورٹ… ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے عمران خان کو سیاسی ڈان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پورے پاکستان کی پولیس ڈان کو پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے ،عدالتیں بلا رہی ہیں لیکن وہ کسی کے ہاتھ نہیں آرہا ‘عمران نیازی کو من پسند انصاف مل جاتاہے ‘کیایہی ریلیف نوازشریف کو حاصل ہے ؟ بنچ فکسنگ بندہونی چاہئے ‘زمان پارک میں بھی ایک شخص بنکر میں چھپا بیٹھا ہے ، حفاظتی تحویل میں ہے اور ورکرز اور دہشتگردوں کے ذریعے ،کالعدم تنظیم کے اراکین کے ذریعے سکیورٹی پر حملہ آور ہے‘ عمران نیازی نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا اور بغاوت کو ہوا دی‘عمران خان کی گرفتاری چند منٹوں کی بات ہے مگر ریاست خون خرابہ نہیں چاہتی‘پی ٹی آئی سیاسی نہیں عسکری جماعت ہے‘حکومت اور ریاست ، ادارے جس طرح ایک کالعدم تنظیم کے ساتھ ڈیل کرتے ہیں ،دہشتگرد جماعت سے ڈیل کرتے ہیں عمران خان کے ساتھ بھی ویسے ہی ڈیل کرنا چاہیے ، سیاسی جماعت سمجھ کر ڈیل کرنا ختم کرنا پڑے گا‘ زلمے خلیل زاد کو کس نے پاکستانی کے اندرونی معاملات میں بولنے کی اجازت دی ‘آج عمران خان کے سہولت کاروں میںسے زیادہ تر گھر جا چکے ہیں کچھ باقیات موجود ہیں جو سہولت فراہم کر رہی ہیں ‘ ہم ان پر گہری نظر رکھے بیٹھے ہیںلیکن اصل بیساکھیاںچلی گئیں جو کھل کر سامنے آرہا ہے‘محمد نواز شریف جلد پاکستان آ کر الیکشن مہم کی قیادت کریں گے۔جمعہ کویہاںپریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گرفتاری سے خود کو بچانے کے لئے عمران خان نے جس طرح سکیورٹی فورسز‘ پنجاب پولیس اور ریاست پر حملہ کیا اس کے مناظر عوام پانچ دن سے ٹی وی اسکرین پر دیکھ رہے ہیں، ریاست کے خلاف بغاوت کا اعلان ہوا ہے ۔ نواز شریف کو سسیلین مافیا ، ڈان اورگاڈ فاڈر کہاگیا، پوچھنا چاہتی ہوں ، لاہور زمان پارک میں کے مناظر سے پتہ چلا ہے کہ سسیلین مافیا کیا ہوتا ہے ، ڈان کیا ہوتا ہے ‘آج بگڑا ہوا بچہ ریاست کے اوپر پوری قوت اور شدت سے حملہ آور ہے۔