بینکنگ سیکٹر نے 400 ارب روپے کی کماڈٹی فنانسنگ کی پیشکشیں کر دیں

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) بینکنگ سیکٹر نے جمعہ کو پنجاب کیلئے 400ارب روپے کی کماڈٹی فنانسنگ کی پیشکشیں دیدیں۔ حکومت پنجاب کے سیکرٹری خوراک محمد زمان وٹو نے جنگ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ ہفتے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اپنی کابینہ کی مشاورت سے یہ فیصلہ کرینگے کہ ملکی بینکوں کی طرف سے جو بڈز چار سو ارب روپے کیلئے دی گئی ہیں اُنہیں پنجاب کا سرکلر ڈیٹ واپس کرنے کیلئے استعمال کیا جائے یا اس رقم سے گندم کی سرکاری خریداری کر لی جائے۔ اُنہوں نے بتایا کہ پہلے ہی کابینہ کے اجلاس کے ذریعے چار سو ارب روپے کی کماڈٹی فنانسنگ کی منظوری دے چکی ہے۔ اب پاکستان کے بینکنگ سیکٹر نے کراچی انٹربینک کائبر ریٹ Kiborریٹ سے اوپر ایک فیصد‘ دو فیصد یا تین فیصد شرح سود دینا ہے کیونکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا پالیسی ریٹ چند ہفتے پہلے دو تین فیصد بڑھایا گیا تھا۔ سیکرٹری خوراک پنجاب محمد زمان وٹو نے کہا کہ کراچی انٹربینک آفر ریٹ جو کم سے کم ہے اسکے اوپر ہر کمرشل بینک سروسز چارجز اور ضروری منافع چار سو ارب روپے کی کماڈٹی فنانسنگ پر لے گا۔ یہ بڑا فیصلہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی‘ وزیر خزانہ‘ وزیر خوراک اوردوسرے وزراء سے مشاورت کر کے کرینگے۔