پشاور پولیس لائنز حملہ، خودکش بمبار کا ساتھی گرفتار، منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی

18 مارچ ، 2023

پشاور( نمائندہ جنگ) سی ٹی ڈی نے پولیس لائنز پشاور میں خود کو دھماکہ سے اڑانے والے خودکش بمبار کے ساتھی کو گرفتار کر لیا ، ملزم پولیس لائنز دھماکہ میں پہلے خودکش حملہ آور کے ناکام ہونے کی صورت میں دھماکہ کرنے کے لئے آیاتھا ٗسی ٹی ڈی کاپولیس لائنز مسجد دھماکہ کے ماسٹر مائینڈ اور ہینڈلر کا سراغ لگانے کابھی دعوی ،منصو بہ بندی ا فغا نستان میں کی گئی،ملزم امتیاز پہلے خودکش قاری کی ناکامی کی صورت میں خودکو اڑانے کیلئے پولیس لائنز آیاتھا ۔ایڈیشنل آئی جی کائونٹر ٹیرراز م ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا شوکت عباس نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی سہیل خالد اور سی سی پی او پشاور اعجاز خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ 30جنوری کو پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں ٹی ٹی پی کی الائیڈ تنظیم جماعت الحرار کے رکن قاری نے خودکو دھماکہ سے اڑا یا جس میں 82پولیس اہلکار اورامام مسجد سمیت مجموعی طورپر 84افراد شہید اور 233سے زائد زخمی ہوئے ، ڈیڑھ ماہ کی کوششوں کے بعد سی ٹی ڈی اور حسا س ادارے خودکش حملہ آور کے ماسٹر مائینڈ اور ہینڈلر کا سراغ لگانے میں کامیا ب ہو گئے اوران کی تنظیم کی نشاندہی کرلی ، بتا یا گیا گزشتہ روز انہوں نے پولیس لائنز پشاور میں خودکو دھماکہ سے اڑانے والے خودکش کے ساتھی خودکش حملہ آور امتیاز عرف تورہ شپہ ولد میرزادہ سکنہ شونکڑے افغانستان کو گرفتار کرلیا ان کا کہناتھا کہ گرفتار خودکش حملہ آور امتیاز وقوعہ کے روز خودکش حملہ آور کے ساتھ پولیس لائنز اس لئے آیا تھا کہ اگر قاری خودکش حملہ میں ناکام ہو ا تو امتیاز خود کو دھماکہ سے اڑائے گا۔