زمان پارک کے سرچ وارنٹ، PTIاور نگراں حکومت میں معاہدۃ ہو گیا

18 مارچ ، 2023

لاہور ( ایجنسیاں) زمان پارک میں پولیس کی کارروائی سے متعلق پنجاب کی نگراں حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا‘ فریقین کے درمیان ریلیوں،سکیورٹی اور قانونی معاملات کے ٹی او آرز طے پا گئے ہیں ۔ معاہدے کے مطابق تحریک انصاف وارنٹس کی تکمیل‘ سرچ وارنٹس کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی اور اس کے علاوہ جماعت کی جانب سے زمان پارک کے اردگرد ہنگامہ آرائی کے سلسلے میں 14اور 15مارچ کو درج ہونے والے مقدمات کی تفتیش میں بھی تعاون کیا جائے گا۔طے پانے والے معاہدے کے تحت فریقین نے فوکل پرسنز مقرر کیے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ایس ایس پی عمران کشور فوکل پرسن ہوں گے جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ ذمہ داری شبلی فراز اور علی محمد خان کو سونپی گئی ہے۔ معاہدہ کے مطابق عمران خان کی سکیورٹی کیلئے بنائی گئی گائیڈ لائنز پر عمل ہو گا،پی ٹی آئی سکیورٹی کیلئے متعلق حکام کو درخواست دے گی۔ تحریک انصاف لاہور میں اتوار کے بجائے پیر کو جلسہ کرے گی،جلسے کی اجازت کے لیے انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے گا،تحریک انصاف ریلی نکالنے سے کم از کم 2 دن پہلے آگاہ کرے گی۔پنجاب حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو لاہور ہائیکورٹ میں پیش کیا جائے گا۔