صوبائی کا بینہ کی منظوری سے کوئٹہ باہر 849 ڈاکٹروں کو تعیناتی کے آفر لیٹر جاری

18 مارچ ، 2023

کوئٹہ (خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبائی کابینہ کی منظوری سے محکمہ صحت بلوچستان نے بلوچستان بھر میں کوئٹہ سے باہر 849 ڈاکٹروں کی تعیناتی کے آفر لیٹر جاری کردئیے ترجمان محکمہ صحت بلوچستان کے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق جن ڈاکٹروں کو آفر لیٹر جاری کیے گئے ہیں ان میں 131 کنسلٹنٹ 50اسپیشلسٹ 270 میڈیکل آفیسر 313 لیڈی میڈیکل آفیسر اور 75ڈینٹل سرجن شامل ہیں ڈاکٹرز کی تعیناتی بلوچستان کے تمام اضلاع میں کی گئی ہے اس اقدام کا تمام تر کریڈٹ وزیر اعلی بلوچستان میر قدوس بزنجو اور وزیر صحت سید احسان شاہ کو جاتا ہے جنہوں نے عوام کے مسائل و مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے ان تعیناتیوں کو یقینی بنایا کنسلٹنٹس میں سرجن، فیزیشن، ریڈیولوجسٹ، پیڈز سرجن، پیڈرز فزیشن، گیسٹرو اینٹرولوجسٹ، ای این ٹی سرجن اور گائینا کالوجسٹ شامل ہیں جنہیں بلوچستان کے 15 سے زائد ٹیچنگ ہسپتالوں میں تعینات کیا گیا ہے ترجمان کے مطابق میڈیکل آفیسرز، لیڈی میڈیکل آفیسرز اور ڈینٹل سرجن کو بلوچستان کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں، تحصیل ہیڈکوارٹر، سول ہسپتالوں میں تعینات کیا گیا ہے حکومت بلوچستان کے اس اقدام سے آنے والے دو سال تک صوبے میں ڈاکٹرز کی کمی نہیں ہوگی اعلامیہ کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹیاں ڈاکٹروں کی ماہانہ رپورٹس محکمہ صحت کو ارسال کرنے کی پابند ہونگی جن ڈاکٹرز کے خلاف شکایات موصول ہونگی ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی جبکہ بہترین ڈیوٹی سرانجام دینے والے ڈاکٹروں ہی کے کنٹریکٹ میں توسیع کی جائے گی محکمہ صحت میں ایک اسپیشل یونٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس سے صوبے کے تمام ڈاکٹرز کی نگرانی کی جائے گی ترجمان نے مزید کہا ہے کہ بلوچستان بھر کے تمام ہسپتالوں میں آنے والے دو مہینوں میں ادویات کی مسلسل فراہمی اور طبی آلات کی کمی کو پوراکیا جائے گا۔