عالمی عدالت ،’جنگی جرائم‘ پر روسی صدرکے وارنٹ گرفتاری جاری

18 مارچ ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے جنگی جرائم کے الزام میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ ا ن کے وارنٹ یوکرین سے بچوں کے اغوا میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی بنیاد پر جاری کئے گئے ہیں ۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ اور عالمی عدالت کی ویب سائٹ کے مطابق عدالت نے ایک بیان میں کہا کہ روسی صدر مبینہ طور پر بچوں کی غیر قانونی ملک بدری اور یوکرین کے مقبوضہ علاقوں سے روسی فیڈریشن میں بچو ں کی غیر قانونی منتقلی کی بنیاد پر جاری کئے گئے ہیں ۔اس سے قبل اسی الزام میں آئی سی سی نے روسی فیڈریشن کے صدر دفتر میں بچوں کے حقوق کی کمشنر ماریا الیکسیوینا کی گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کئے تھے۔