عمران کو انارکی، خانہ جنگی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، مریم اورنگزیب

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو ملک میں خانہ جنگی، تشدد، انارکی کو ہوا دینے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی ،زمان پارک میں ریاستی اداروں کو چیلنج کیا جا رہا ہے، بار بار وقت ملنے کے باوجود عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے، وہ غیر قانونی عمل سے عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، پولیس کرپشن کیسز میں عمران خان کو گرفتار کرنے کیلئے عدالتی احکامات کی تعمیل پر زمان پارک میں موجود تھی۔برطانوی نشریاتی ادارہ سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ زمان پارک میں کارروائی کے دوران پولیس کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھے، پولیس اہلکاروں کو ڈنڈوں اور پتھروں سے مارا گیا، ان کی گاڑیوں پر پٹرول بموں سے حملے کئے گئے۔ اس مجرمانہ فعل کی وجہ سے ڈی آئی جی آپریشنز سمیت 65 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جو ہسپتال میں داخل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ آڈیو لیک اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان نے اپنے کارکنوں اور سینئر عہدیداروں سے پٹرول منگوا کر پٹرول بموں میں استعمال کروایا۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان میں قانون سب کے لئے برابر ہے، جو قانون میرے لئے ہے وہی سب کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر برطانیہ میں کوئی سیاسی رہنما پولیس اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرے، اپنے ورکرز کو سڑکوں پر تشدد پر اکسائے اور خود گھر پر چھپ کر بیٹھے اور اپنے پارٹی کارکنوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرے، تو وہاں کیا ہوگا؟