عمران کی پیشی ،سکیورٹی پلان تیار اسلام آباد میں دفعہ 114نافذ

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد(ایوب ناصر،جنگ نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقعہ پر چار ہزار اہلکاروں پر مشتمل سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں دفعہ 114بھی نافذ کر دی گئی ۔ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈپٹی آئی جی سیکیورٹی کے ساتھ تمام زونل ایس پی،ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز مامور ہونگے ،پنجاب کانسٹیبلری اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوان بھی کیپیٹل پولیس کے ساتھ ہوں گے۔ انرسرکل میں سری نگر ہائی وے پر سب انسپکٹر خان محمد اور انسپکٹر اختر علی شالیمار سرکل میں گشت کی قیادت کریں گے۔چونگی نمبر 26، اسلام آباد چوک،حاجی کیمپ، جی13, کاکٹرا،جی الیون سگنل ،جی الیون یو ٹرن سرینگر ہائی وے ، پولیس لائن چوک ،پراجیکٹ موڑ نمبر ون،ایم پی او ورکشاپ یوٹرن، جی نائن سگنل ، پی ڈبلیو ڈی چوک ،سروس روڈ ایسٹ،سٹریٹ ٹو، مرزا چوک جی الیون ون اور ٹو ، سٹریٹ ایٹ مارکیٹ ،جی الیون ڈبل روڈ کے علاوہ جی الیون سروس روڈ یو ٹرن پر فلٹریشن پوائنٹ ہوگا جبکہ ویسٹ کارنر جی الیون ون سریٹ ون اور دیگر کی گلیوں کومکمل طور پر سیل کیا جائے گا۔