اسلام آباد، رجسٹرڈ گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی تعداد 14لاکھ 74 ہزار

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد(ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی تعداد 14 لاکھ 74 ہزار 388 تک پہنچ گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس میں رجسٹرڈ گاڑیوں میں 4 لاکھ 73 ہزار 7سو 24 موٹر سائیکل بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہزاروں افراد موٹر سائیکل بغیر رجسٹریشن چلا رہے ہیں جو جرائم میں اضافہ کی ایک بڑی وجہ بیان کی جاتی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 10 لاکھ 664گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں جن میں 660 سی سی سے لے کر بڑی گاڑیاں شامل ہیں ، 800سی سی سے کم گاڑیوں کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 680 ، آٹھ سو سی سی سے ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کی تعداد ایک لاکھ 44ہزار 248 ، تیرہ سو سی سی تک کی گاڑیوں کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار 923 ، پندرہ سو سی سی تک کی گاڑیوں کی تعداد ایک لاکھ پچاس ہزارنو سو پچاس ، 1800 سی سی تک کی گاڑیوں کی تعداد ایک لاکھ 43 ہزار 73 اور 1800 سی سی سے اوپر کی گاڑیوں کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 790 بتائی جاتی ہے۔ یہ تعداد پاکستان کی’’ ناگفتہ بہ‘‘معاشی صورتحال اور پارکنگ ایریا کمی کے باوجود ہے ۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہزاروں گاڑیاں جعلی نمبر پلیٹوں اور ڈبل نمبرپلیٹوں پر بھی چل رہی ہیں ۔کبھی کبھی کسٹم والے ناکے لگا کر دو چار گاڑیاں کو پکڑ کر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔