KPنگران حکومت نے 19 ارب کے رمضان پیکیج کا اعلان کردیا

18 مارچ ، 2023

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کی نگران حکومت نے رمضان المبارک کے دوران صوبہ کے مستحق عوام کیلئے 19 ارب کے پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے رجسٹرڈ مستحقین کو آٹے کے تین تھیلے مفت فراہم کئے جائیں گے جبکہ صوبائی کابینہ نے صوبہ کی 10 ایم ٹی آئیز ہسپتالوں کے بورڈ آف گورنرز اور پالیسی بورڈ کو ختم کرنیکا بھی فیصلہ کیا۔ خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کا اجلاس نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان کی صدارت میں منعقد ہوا ،اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے کہا کہ 10 ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے بورڈ آف گورنرز کو تحلیل کرنے کے حوالے سے کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، بورڈ آف گورنرز کی یہ تحلیل دو مراحل میں دو ہفتوں کے اندر مکمل کی جائے گی۔ بیرسٹر فیروز جمال نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے صوبے کے غریب اور مستحق شہریوں کو 19 ارب روپے لاگت سے رمضان پیکج دیا جا رہا ہے۔ اس ٹارگٹڈ پیکج میں رجسٹرڈ مستحقین کو آٹے کے 2 سے 3 تھیلے مفت فراہم کیے جائیں گے۔ نگران صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ زکوٰۃ کے لیے فنڈز موجود ہیں لیکن گزشتہ سال سے زکوٰۃ کونسلز نہیں ہیں۔ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں کابینہ کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ رمضان سے قبل جتنا ممکن ہو سکے غریب اور مستحق شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔