حکمرانوں نے ملک کے نام پر قرضہ لے کر خود کھایا، وہی واپس کریں،سراج الحق

18 مارچ ، 2023

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے ذاتی مفادات کے لیے عدالتوں کو بھی متنازعہ بنایا، قوم کا اداروں پر اعتماد ختم ہو چکا، جن لیڈروں پر توشہ خانہ لوٹنے کے الزامات ہیں اور جو نیب کو کرپشن میں مطلوب ہیں، وہ سیاست سے قبل اپنے معاملات کلیئر کرائیں۔ حکمرانوں نے ملک کے نام پر قرضہ لے کر خود کھایا، وہی واپس کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بحرین سوات میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے مطالبہ کیا کہ حکومت رمضان کے مہینے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کم از کم پچاس فیصد کمی کرے۔سراج الحق نے کہا کہ انضمام کے وقت قبائلی عوام سے کیے گئے وعدے آج تک پورے نہیں ہوئے، نوجوانوں کو 30ہزار نوکریاں ملیں نہ ہی 10ارب سالانہ فنڈ کا وعدہ پورا ہوا۔ وزیراعظم بتائیں سیلاب زدگان کے لیے اعلان کردہ 70ارب اور عالمی امداد کہاں گئی؟ انھوں نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن مسائل کا انبار بن چکا، علاقے میں لوگوں کو جنگلات کے مالکانہ حقوق دیے جائیں، ریور ایکٹ ختم کیا جائے۔امیر جماعت نے کہاحالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود لوگوں کو کھانے کے لیے آٹا دستیاب نہیں، معدنیات اور وسائل سے مالامال پاکستان میں کروڑوں افراد دووقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔جلسہ میں پی ٹی آئی سمیت دیگر پارٹیوں سے سیکڑوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔