54 ارب ڈالر قرض بھی بے سود، سوئس بینک سوسی کے شیئرز مزید 11 فیصد گرگئے،ایشیائی اور یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی

18 مارچ ، 2023

زیوریخ، لندن (اے ایف پی) سوئٹزرلینڈ کے مرکزی بینک کی جانب سے ملک کے دوسرے بڑے بینک کریڈٹ سوسی کیلئے 54 ارب ڈالر کے قرض کے باوجود اس کے شیئرز مزید 11 فیصد سے زائد تک گرگئے۔ سوسی کے شیئرز میں 11.1 فیصد کمی کے بعد 1.80 سوئس فرانک کے برابر ہوگئے، بینک کو اب بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ امریکا کے بڑے بینکوں کی جانب سے امریکی بینک فرسٹ ریبپلک کیلئے 30 ارب ڈالر اور سوئس بینک کو نئی لائف لائن ملنے کے بعد بینکنگ بحران کے خدشات کم ہونے لگے جس کے بعد ایشیائی اور یورپین اسٹاک مارکیٹوں میں اضافے کا رحجان رہا جس سے عالمی سطح پر بھی مثبت پیغام گیا، تاجروں کی جانب سے مشکلات کے شکار بینکوں کیلئے اربوں ڈالر کی امداد کا خیر مقدم کیا گیا ہے، اس بات کے خدشات تھے کہ یہ بحران پورے بینکنگ سیکٹر میں سرائیت کرسکتا ہے۔ اسٹاک مارکیٹوں میں ہفتہ بھر اتار چڑھائو کے بعد ہفتے کا اختتام مثبت پیش رفت پر ہوا، جے پی مورگن، بینک آف امریکا اور سٹی گروپ نے مشکلات کے شکار امریکی بینک فرسٹ ریبپلک میں 30 ارب ڈالر جمع کروانے کا اعلان کردیا۔ یہ اقدام ایک ایسے موقع پر اٹھایا گیا ہے جب سرمایہ کاروں کو یہ خدشتہ تھا کہ صارفین بڑی تعداد میں فرسٹ ریپبلک بینک سے اپنی رقوم تیزی سے نکال سکتے ہیں جبکہ اس کے اثرات قرض فراہم کرنے والے دیگر امریکی بینکوں سیلی کون ویلی اور سگنیچر بینک پر بھی پڑسکتے ہیں جنہیں گزشتہ ہفتے مشکلات کا سامنا رہا جس کے نتیجے میں ایک نئے معاشی بحران کے خدشات بڑھ گئے تھے۔ 11معاشی اداروں کے گروپ نے امریکی ریگولیٹرز کے منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ امریکا کے بڑے بینکوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدام سے ملکی بینکنگ سسٹم پر اعتماد بحال ہوا۔ مذکورہ پیش رفت کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں ان اقدامات کا خیر مقدم کیا گیا جس کے نتیجے میں ڈاو اور ایس اینڈ پی 500 کے شیئرز میں ایک فیصد اضافہ ہوا جبکہ نصداق کے شیئرز میں 2فیصد کا اضافہ ہوا۔ جمعے کے روز ایشیائی اور یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مثبت رحجان رہا جسے گزشتہ ہفتے بڑے نقصانات کا سامنا رہا تھا۔