صدر عارف علوی کا پاکستانی سرمایہ کار کی مدد کیلئے انڈونیشیا کے صدر کے نام خط

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انڈونیشیا کے صدر اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انڈونیشیا میں پاکستانی سرمایہ کار کے معاملے پر جلد پیش رفت کیلئے انڈونیشیا کے صدر کی ذاتی توجہ کی درخواست کی ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے انڈونیشیا کے صدر کے نام خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا قریبی دوست، اسلامی تعاون تنظیم کے تناظر میں دوطرفہ شراکت دار ہیں، دونوں برادر ممالک نے معاشی و تجارتی تعلقات بڑھانے، تاجروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے کوششیں کی ہیں۔ صدر مملکت نے انڈونیشیا کے صدر سے انڈونیشیا میں پاکستانی سرمایہ کار ملک محمد آصف، کو کاروباری معاملات میں مشکلات پیش آنے پر مدد فراہم کرنے کا کہا۔ خط میں کہا گیا کہ ملک محمد آصف انڈونیشیا کے حکام کو پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے اپنی شکایت جمع کرا چکے تاہم معاملہ ابھی حل طلب ہے۔