لاہور (پون ایوب) ڈاکٹر جمیل جالبی پاکستان کے ایک نامور ماہر نفسیات، نقاد، مصنف، معروف دانشور،مفکر، رائٹر، کالم نگار، محقق اور ماہر تعلیم تھے۔ میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز) اور ڈاکٹر جمیل جالبی فائونڈیشن کے زیراہتمام ڈاکٹر جمیل جالبی مرحوم کی علمی و ادبی خدمات کے حوالے سے خصوصی سیمینار بعنوان ’’بیاد ڈاکٹر جمیل جالبی‘‘ پی سی ہوٹل لاہور میں منعقد ہوا، تقریب میں تلاوت و نعت رسولؐ کی سعادت صدارتی ایوارڈ یافتہ مرغوب احمد ہمدانی نے حاصل کی۔ میزبانی کے فرائض چیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی واصف ناگی نے ادا کئے۔ مقررین نے کہا ڈاکٹر جمیل جالبی کا فیض ابھی تک جاری ہے ان کا لغت کا کام ایسا ہے جو انہیں ہمیشہ زندہ رکھے گا، ان کی لغت باقی تمام ڈکشنریوں پر بھاری ہے اللہ تعالی نے ان کو اپنے علوم، معارف میں جو عطا کی اس کا انہوں نے فیض دنیا میں جاری کیا، ڈاکٹر جمیل جالبی بیک وقت عہد ساز مورخ ،مصنف ،نقاد اور ادیب تھے۔ ایسی عہد ساز شخصیت روزپیدا نہیں ہوتی، مقررین میں سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی، وفاقی محتسب انشورنس فرزند جالبی ڈاکٹر خاور جمیل جالبی، سینئر تجزیہ کار عبد الباسط خان، سینئر صحافی سہیل وڑائچ، بریگیڈئر (ر) غضنفر علی ، سربراہ جمیل جالبی چیئر اور دانشور پروفیسر ضیاء الحسن، کارٹونسٹ جاوید اقبال، دانشور و استاد اردو پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ناصر عباس، سابق وائس چانسلر پنجاب و سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، ڈائریکٹر بزم اقبال اور کالمسٹ محمد منصور آفاق، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ڈاکٹر صغریٰ صدف، پرنسپل فاطمہ جناح گرلز کالج چونا منڈی ثمینہ بھٹی شامل تھے۔ سینئر تجزیہ کارعبد الباسط کا کہنا تھا کہ ہم ان کے فن وادب کا احاطہ نہیں کرسکتے ان کا کام بے شمار ہے اور انہوں نے اتنا کام کیا ہے کہ لوگ ان کی شخصیت سے مرعوب ہو کر یہاں کھینچے چلے آئے ہیں۔ ڈاکٹر جمیل جالبی مرحوم کے فرزند ڈاکٹر خاور جمیل جالبی نے کہا کہ میں تقریب میں موجود تمام لوگوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نامساعد حالات میں آپ سب کا تقریب میں شرکت کرنا بہت بڑی بات ہے جس کیلئے میں آپ سب کا شکر گزار ہوں۔ سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی نے صدارت کے فرائض انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ جمیل جالبی کو کم و بیش 4برس ہو گئے دنیا سے رخصت ہوئے مگر ان کا فیض ابھی تک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جالبی سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو ان کی تحریریں پڑھیں ان سےملاقات ہو جائے گی۔ اس موقع پر معروف تجزیہ نگار سہیل وڑائچ نے کہا کہ جمیل جالبی سے میری ملاقات تو نہیں ہوئی لیکن ان کی مجھے جو لغت ملی ہے وہ ہر وقت میرے زیر استعمال رہتی ہے اور یہ ڈکشنری ’’لغت‘‘ باقی تمام ڈکشنریوں پر بھاری ہے۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ ان کے علوم، معارف، حوال، افکار یہ دنیا میں صدا اسی طرح روشنی و رہنمائی عطا کرتے رہیں گے۔ چیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی واصف ناگی کا کہنا تھاکہ جمیل جالبی کا اوڑھنا بچھونا بس لکھنا پڑھنا تھا اور وہ اس میں ہی خوش رہتے تھے۔ ضیاء الحسن نے کہا کہ جالبی کی لغت کا کام ایسا ہے جو انہیں ہمیشہ زندہ رکھے گا۔ پروفیسر ناصر عباس نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں جالبی کثیر الاجہت شخصیت تھے۔ انہوں نے اردو ادب کی تاریخ نویسی کو آزاد کرایا۔ کالم نگار منصور آفاق نے کہا کہ جمیل جالبی اردو ادب کے بحیثیت محقق سب سے بڑے آدمی تھے۔ سلیم مظہر نے کہا کہ جالبی ایک خود پرور انسان تھے وہ چھوٹوں کا خاص خیال رکھتے تھے۔ بریگیڈئر (ر) غضنفر علی نے کہا کہ جمیل جالبی ایک ایسی عہد ساز شخصیت تھے جو کسی بھی ملک میں روز روز پیدا نہیں ہوتے۔ ڈاکٹر صغریٰ صدف نے کہا کہ اردو ادب میں اگر جمیل جالبی کا نام نکال دیں تو ہمارے پاس بہت کم سرمایہ بچتا ہے۔ ثمینہ بھٹی نے کہا کہ جمیل جالبی ہمہ جہت شخصیت تھے اس کے علاوہ بہترین نقاد، تحقیق نگار تھے۔
اسلام آباد وزارت آئی ٹی کے پی ایس ڈی پی منصوبے مانیٹرنگ اینڈ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سیل پر پچاس فیصد تک...
راولپنڈی سربراہ عسکری ادارہ پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف سوشل میڈیاپر تضحیک آمیزمواد شئیرکرنے والے...
اسلام آباد وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے حال ہی میں وزارت ریلوے میں ایک جامع اعلیٰ سطح کے اجلاس کی...
کراچی ایک ہی کمپنی کے افسران سے 63کروڑ اور دیگر افراد سے تقریباً چار ارب روپے کا فراڈ کرنے والی خاتون اور 65 ایف...
اسلام آباد سٹاک ایکسچینج حصص جعلسازی کے الزام میں گرفتار 17 چینی باشندوں کا وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کو آٹھ...
اسلام آباد اسلام آباد ہائیکورٹ نےسرکاری ٹیلی ویژن کے پنشنرز کو پنشن کی بروقت ادائیگی نہ کرنے پر وفاق،...
بیجنگچین کی 14 ویں قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے سابق رکن لی یوئے فینگ کے خلاف رشوت ستانی کے الزامات کے...
کراچی متعلقہ حکومتی حلقوں میں اعتراضات کے بعد کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اپنے پانچ برس، 2021 سے 2025 تک کے تمام...