عمران خان پیشی ، سکیورٹی انتظامات کیلئےعدالت میں درخواست

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف کے وکلا نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی آج عدالت میں پیشی کے موقع پرسکیورٹی انتظامات کیلئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔ جمعہ کو عمران خان کے وکلا نعیم پنجوتھہ اور علی اعجاز نے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انسداد دہشتگردی عدالت میں عمران خان کی پیشی پر سکیورٹی انتظامات تسلی بخش نہیں تھے ، آئی ٹی سی عدالت پیش ہونے کے بعد دو مزید مقدمات عمران خان پر درج کر دئیے گئے۔ عمران خان کے ہمراہ آئی ٹی سی عدالت میں ورکرز بھی داخل ہو گئے۔ ایسا نہ ہو یہاں بھی کنڈی کھلے اور عمران خان پر مزید مقدمات درج ہو جائیں۔ آئی جی اسلام آباد سے بھی سکیورٹی کی فراہمی کی انڈرٹیکنگ لی جائے۔ اس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال نے کہاکہ عمران خان کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے حوالے سے سیشن عدالت بھی انتظامات کر رہی ہے ، آئی جی اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ دیاہے۔