دہشتگردی دفعات کے خاتمہ کیلئے پی ٹی آئی رہنمائوں کی درخواست پر فریقین سے دلائل طلب

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور توڑ پھوڑ سے متعلق مقدمہ میں دہشت گردی دفعات کے خاتمہ کیلئے دائر درخواست پر فریقین سے دلائل طلب کرلئے۔ گزشتہ روز اسد عمر، علی نواز اعوان، عامر مغل سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ پر سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے مقدمہ میں لگی دہشتگردی کی دفعات کو چیلنج کیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے دہشت گردی دفعات حذف کرنے کی درخواست پر دلائل طلب کرلئے۔ عدالت نے اسد عمر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 28 مارچ تک کیلئے ملتوی کر دی۔