کراچی میں ژالہ باری مختلف شہروں میں بارش

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے، ایجنسیاں )راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب، زیریں خیبرپختونخوا، کشمیر، بلوچستان اور سندھ میں گزشتہ روز بھی بارش ہوئی ، اس دوران بعض مقامات پر آندھی بھی چلی،جڑواں شہروں میں سردی دوبارہ لوٹ آئی ، محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش بھکر 27،ڈی آئی خان 24، گوجرانوالہ 18، ساہیوال 16، ٹوبہ ٹیک سنگھ 16، جھنگ، اوکاڑہ، منگلا، جہلم 12، اسلام آباد 4، لاہور 10، قصور 7، مری، فیصل آباد 6، بہاولپور 6، جوہر آباد 5، پارا چنار21 ،مالم جبہ 06، کاکول 04،میرپورخاص 12، مظفرآباد 11 ، راولاکوٹ 10، کوٹلی 06ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلا قوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ بالائی/جنوبی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان اور سند ھ میں آندھی/ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ،وادی کوئٹہ میں آندھی اور ہلکی بارش کے نتیجے میں موسم سرد ہوگیا ، دریںا ثنا کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ موسم بہار کی بارش ہے جو وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ بلوچستان میں داخل ہونے والی مغربی لہر کے تحت کراچی اور صوبے کے دیگر حصوں میںگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔