پی ٹی آئی کی عمران خان کےاستقبال کیلئے اسلام آباد کے عوام کو گھروں سے نکلنے کی کال

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں آج اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر استقبال کیلئے عوام کو گھروں سے نکلنے کی کال دیدی ہے۔ تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان نے اسلام آباد کے شہریوں کیلئے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے جمعہ کو عمران خان کو تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت دے دی ہے ، آج بروز ہفتہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی تعمیل کیلئے عمران خان اسلام آباد پہنچ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گزشتہ پیشی کے موقع پر اسلام آباد کے عوام نے ان کا والہانہ استقبال کیا ، اسلام آباد کے لوگوں سے گزارش ہے کہ آج اسی طرح دوبارہ نکل کر عمران خان کا پر امن استقبال کریں،ہم عمران خان کو بھرپور سیکورٹی میں عدالتوں کے اندر لے کر جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ہائی کورٹ ، ڈسٹرکٹ کورٹ اور سیشن کورٹ کے ججز سے امید ہے کہ حق کا بول بالا ہو گا۔ عدالتیں جانتی ہیں کہ عمران خان پر بنائے گئے تمام مقدمات بے بنیاد ہیں۔ عمران خان کو بغاوت اور دہشت گردی جیسے کیسز کے اندارج سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پوری امید ہے کہ اس بار بھی حق اور سچ کی فتح ہو گی۔