عمران لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ہم لاشیں کیوں دیں،خواجہ آصف

18 مارچ ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ہم اسے لاشیں کیوں دیں، ماہر قانون عمران شفیق نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان پر فرد جرم عائد کرنا عدالت کی صوابدید پر ہوگا، نمائندہ دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ دوست ممالک نے اگست میں پاکستان کو اضافی فائنانسنگ کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک اس پر عمل نہیں کیا، وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مریم نواز نے پریس کانفرنس میں کوئی بات غلط نہیں کہی ہے، عمران خان کے پچھلے دس سال دیکھ لیں مریم نواز کی بات غلط نہیں ہے، نواز شریف پر سسیلین مافیا کا لیبل لگایا گیا کیا اس کی آج کوئی نئی تشریح کی جاسکتی ہے، کیا توہین عدالت کے وہ کیسز جن میں معافی مانگنے کے باوجودلوگوں کو نااہل کیا گیا کیا ان کی کوئی نئی تشریح کی جاسکتی ہے، عمران خان نے ایک ڈاکو کو ساتھ بٹھایا ہوا ہے، چوہدری پرویز الٰہی زمان پارک میں نظر نہیں آیا لیکن اسے پارٹی صدر بنادیا، عمران خان کا ہر چار دن بعد بیانیہ بدل جاتا ہے، سائفر سے لے کر مذاکرات کی پیشکش تک عمران خان نے کتنے بیانیے بدلے ہیں، عمران خان نے کچھ دن پہلے تک کیا زبان بولی اور آج بات کرنے کیلئے تیار ہے۔نمائندہ دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ دوست ممالک نے اگست میں پاکستان کو اضافی فائنانسنگ کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک اس پر عمل نہیں کیا، آئی ایم ایف نے پاکستان کو واضح کردیا ہے دوست ممالک سے فائنانسنگ سوفیصد کنفرم کیے بغیر اسٹاف لیول ایگریمنٹ نہیں ہوگا، پاکستان کی غیریقینی سیاسی صورتحال اور اعتماد کا فقدان مل کر مشکل صورتحال بنارہی ہے، چین کی طرف سے تقریباً دو بلین ڈالرز کی ری فائنانسنگ ہوگئی ہے، چین نے اس کے علاوہ دو بلین ڈالرزڈپازٹ کی یقین دہانی بھی کروادی ہے۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے حکومت کے بیانیہ میں بھی تضاد ہے، پہلے چودہ مارچ کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ آج عمران خان کو باہر نکالیں گے اور گرفتار کریں گے، لیکن جب پولیس عمران خان کو گرفتا ر کرنے میں ناکام رہی تو رانا ثناء اللہ نے ہمارے ہی شو میں کہا کہ ہماری ترجیح عمران خان کو گرفتار کرنا نہیں انہیں عدالت میں پیش ہونے پر مجبور کرنا ہے۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ ایک او ر ہفتہ گزر گیا اس ہفتے بھی وزیرخزانہ اسحاق ڈا ر کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ نہیں ہوا، آئی ایم ایف معاہدہ کیلئے دوست عرب ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سے ابھی تک اس فنڈنگ کی گارنٹی نہیں ملی ہے جس کی آئی ایم ایف ڈیمانڈ کررہا ہے، صرف چین نے پاکستان کو پیسے دیئے ہیں، پاکستان کو چین سے مزید 50کروڑ ڈالرز موصول ہوگئے ہیں جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔