بنوں، 3 سالہ بچے میں پولیوکی تشخیص، رواں سال کا پہلا کیس

18 مارچ ، 2023

پشاور(این این آئی )رواں سال کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا۔ پاکستان کی قومی پولیو لیبارٹری نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ایک تین سالہ بچے میں پولیو وائرس انفیکشن کی تصدیق کی ہے جس سے بچہ معذور ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ گزشتہ سال سے پولیو کے تمام کیسز خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع سے رپورٹ ہوئے ہیں ۔بچوں میں معذوری پیدا کرنے والا پولیو وائرس جنوبی خیبر پختونخوا کے سات اضلاع، شمالی وزیر ستان ، بالائی اور زیریں جنوبی وزیرستان، ڈی آئی خان، بنوں، ٹانک اور لکی مروت میں گردش کر رہا ہے۔یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ ایک تین سال کے بچے کو ایک ایسی بیماری کی وجہ سے زندگی بھر کی معذوری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے مکمل طور پر بچا جا سکتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ٹیمیں اُن علاقوں میں بچوں تک ویکسین لے کر پہنچنے میں سرگرم ہیں جہاں بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات باقاعدگی سے نہیں لگ رہے اور ان میں غذائیت کی کمی ہے۔