پشاور خودکش دھماکے کے ماسٹر مائنڈسہولت کار کا سراغ لگالیا گیا

18 مارچ ، 2023

پشاور( نمائندہ جنگ ) سی ٹی ڈی نے پولیس لائنز پشاور میں خود کو دھماکہ سے اڑانے والے خودکش بمبار کے ساتھی کو گرفتار کر لیا ، ملزم پولیس لائنز دھماکہ میں پہلے خودکش حملہ آور کے ناکام ہونے کی صورت میں دھماکہ کرنے کے لئے آیاتھا ،سی ٹی ڈی نے پولیس لائنز مسجد دھماکہ کے ماسٹر مائنڈ اور ہینڈلر کا سراغ لگانے کابھی دعوی کیا ہے ،منصو بہ بندی ا فغا نستان میں کی گئی،ملزم امتیاز پہلے خودکش قاری کی ناکامی کی صورت میں خودکو اڑانے کیلئے پولیس لائنز آیاتھا ،ایڈیشنل آئی جی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا شوکت عباس نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی سہیل خالد اور سی سی پی او پشاور اعجاز خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈیڑھ ماہ کی کوششوں کے بعد سی ٹی ڈی اور حسا س ادارے خودکش حملہ آور کے ماسٹر مائینڈ اور ہینڈلر کا سراغ لگانے میں کامیا ب ہو گئے اوران کی تنظیم کی نشاندہی کرلی ، پولیس لائنز پشاور میں خودکو دھماکہ سے اڑانے والے خودکش کے ساتھی خودکش حملہ آور امتیاز عرف تورہ شپہ ولد میرزادہ سکنہ شونکڑے افغانستان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار خودکش حملہ آور امتیاز وقوعہ کے روز خودکش حملہ آور کے ساتھ پولیس لائنز اس لئے آیا تھا کہ اگر قاری خودکش حملہ میں ناکام ہو ا تو امتیاز خود کو دھماکہ سے اڑائے گا تاہم قاری کے خودکش دھماکہ کے بعد ہینڈلر امتیاز وہاں سے نکالنے میں کامیاب ہو گیا ،گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے امتیاز کو گرفتار کر لیا اوراس کے ہینڈلر اور ماسٹر مائنڈ کا سراغ لگا لیا جسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا ،اب تک کی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ پولیس لائنز مسجد دھماکہ کی پلاننگ افغانستان میں کی گئی ،سی ٹی ڈی نے ملزم امتیا ز کو میڈیا کے سامنے پیش کیا،متیاز ایک تربیت یافتہ خودکش ہے ، پولیس لائنز دھماکہ میں خود کو اڑانے والے خودکش کا تنظیمی نام قاری تھا اور وہ افغانستان کے علاقہ قندوز کا رہائشی تھا، اس نے اور امتیاز نے افغانستان میں ٹریننگ حاصل کی جہاں سے انہیں اطلاع ملی کہ ہے کہ مزید چھ سے زائد خودکش حملہ آور بھی ٹریننگ حاصل کررہے ہیں، سی ٹی ڈی نے گرفتارملزم امتیاز کے ہینڈلر غفار کا بھی سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے ۔