چینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے خوش آمدید کہیں گے‘ چیئرمین سینیٹ

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ایم سی سی ریسورس ڈویلپمنٹ کمپنی کے صدر ذینگ ذین جنگ (zhang Zhijun)نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمدصادق سنجرانی نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی میں اہم مقام رکھتے ہیں، پاکستان اور چین کے برادرانہ تعلقات کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔ پاکستان اور چین آہنی بھائی، مثالی ہمسائے اور بہترین اسٹریٹجک شرکت دار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین میں رشتہ باہمی اعتماد پر قائم ہے اور دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر بھی قریبی برادرنہ تعلقات ہیں اور یہی وجہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں چین کے ساتھ دو طرفہ تعاون اور دوستی پر یکجا ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے۔ دونوں ملکوں کی تاجر برادری کو مزید قریب لانے کی ضرورت ہے۔ سی پیک منصوبہ جات سے نہ صرف علاقائی تجارتی کو فروغ ملے گا بلکہ دنیا بھر کے سرمایہ کار مستفید ہوں گے۔ سی پیک نہ صرف گیم چینجر بلکہ فیٹ چینجر ہے۔ چینی سرمایہ کار نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے چیئرمین سینیٹ کو سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر مبارکباد بھی دی۔