سندھ میں ضمنی بلدیاتی الیکشن18اپریل کو ہونگے، الیکشن کمیشن

18 مارچ ، 2023

کراچی (نمائندہ جنگ ) الیکشن کمیشن نے سندھ میں مختلف کیٹگریز کی 93 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا۔ امیدوار 22 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، پولنگ 18 اپریل کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ڈویژن سمیت سندھ کے 26 اضلاع میں مختلف کیٹگریز کی 93 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونگے ان میں کراچی کے 11 سمیت سندھ بھر کے 28 چیئرمین وائس چیئرمین شامل ہیں، جنرل ممبر کی تعداد 61 اور ممبر ڈسٹرکٹ کونسل کی تعداد 4 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ان نشستوں پر 20 سے 22 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے۔ 28 مارچ تک نامزدگی فارمز کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ امیدوار 6 اپریل کو کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 7 اپریل کو انتخابات نشانات الاٹ کیے جائیں گے جبکہ 18 اپریل کو پولنگ ہوگی جس کے نتائج 20 اپریل کو جاری کیے جائیں گے۔