تجارت پاکستان اور بھارت کو قریب لاسکتی ہے ،انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر

18 مارچ ، 2023

لاہور(نمائندہ جنگ) انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر/چارج ڈی افیئرزڈاکٹر ایم سریش کمار نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے، تجارت ہی پاکستان اور بھارت کو قریب لاسکتی ہے،ہندوستان نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو کبھی نہیں روکابلکہ یہ پاکستان کی جانب سے بند کی جاتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اب بھی ہے لیکن صلاحیت سے بہت کم ہے۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔صدرلاہور چیمبر کاشف انور نے کہا کہ زمینی راستے سےبھارت سے درآمد پر پاکستانی کمپنیوں کو بچت ہوگی، لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور اور سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا زمینی راستے سےبھارت سے درآمد پر پاکستانی کمپنیوں کو بچت ہوگی۔ڈاکٹر ایم سریش کمار کا کہنا تھا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ انتہائی اہم ہے۔ وسطی ایشیا ایک بڑی منڈی ہے جہاں بھارت کو رسائی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے کیونکہ ہم جغرافیہ نہیں بدل سکتے۔ دونوں ممالک ہمیشہ سے پڑوسی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھنا بہتر ہوگا کہ ہم اپنے مسائل اور حالات کو کیسے بدل سکتے ہیں۔ ہم معمول کے تعلقات کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سال میں کورونا کی وجہ سے ویزوں کی تعداد کم ہوئی لیکن اب ہر سال تیس ہزار ویزے جاری کیے جا رہے ہیں جو کہ بہت بڑی تعداد ہے۔ میڈیکل ویزے بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کی بہت سی سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔ ہم نے ابھی تک کھیلوں کے لیے کسی ویزا سے انکار نہیں کیا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پاکستان بھارت سے کپاس درآمد کر سکتا ہے کیونکہ پاکستان کو اپنی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے باقاعدگی سے کپاس کی ضرورت ہوتی ہے، ہندوستان سے زمینی راستے سے درآمد سے پاکستانی کمپنیوں کو لاگت کی مد میں بچت ہو گی ۔ ہندوستان پاکستان سےسیمنٹ درآمد کرسکتا ہے۔