وفاقی کابینہ ،15دوطرفہ ،2کثیر الجہتی مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (نیوز رپورٹر )وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس نے مختلف فیصلوں کی منظوری جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی،وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مختلف ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ 15 دوطرفہ اور 2 کثیر الجہتی مفاہمتی یادداشتوں (پچھلی تاریخوں سے اطلاق)، سٹیٹ بینک کی سفارش پر ایس ایم ای بنک کے وائنڈنگ ڈائون ، ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے این ڈی ایم اے کو 10 ارب روپے جاری کرنے، سوئی نادرن کو کمرشل بینکوں کے قرضوں کے حصول کے لیے 50 ارب روپے بینک گارنٹی دینے ،وزارتِ داخلہ کی سفارش پر سعودی حکومت کی جانب سے محمد وسیم اسلم ولد محمد اسلم(قتل کے مقدمہ میں مطلوب) کی سعودی عرب حوالگی کے لئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ایکسٹراڈیشن ایکٹ 1972 کے تحت انکوائری کمیٹی تشکیل دینے اور وزارتِ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر پاکستان سکھ گردوارہ پربندھگ کمیٹی (پی ایس جی پی سی ) کی تشکیل نو کی منظوردیدی ۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسزکے13مارچ 2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلے کی توثیق کی جس میں لائرز پروٹیکشن بل 2023 کی منظوری کی گئی تھی، وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 14 مارچ 2023 اور15 مارچ 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی، اس میں کپاس کی امدادی قیمت بڑھا کر 8500 روپے فی من کا فیصلہ بھی شامل ہے،وزیراعظم نے لوئر کوہستان کے علاقے میں آتشزدگی کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور بلندی درجات اور زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کے لئے دعا جبکہ زخمیوں کو تمام تر طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے ۔