بلاول کی او آئی سی کو’’کمیٹی برائے مستقبل‘‘ تشکیل دینے کی تجویز

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 49ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے او آئی سی ممبران کی پائیدار نمو اور ترقی کے لئےایک طویل مدتی حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے “کمیٹی برائے مستقبل” تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 49واں اجلاس 16-17 مارچ 2023 کو موریطانیہ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے پاکستان کی مدت کی کامیابی کے ساتھ تکمیل پر وزیر خارجہ نے کونسل کی چیئرمین شپ باضابط طور پر موریطانیہ کے وزیر خارجہ محمد سالم اولد مرزوگ کے سپرد کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے تجویز پیش کی کہ او آئی سی ممبران کی پائیدار نمو اور ترقی کے لیے ایک طویل مدتی حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے “کمیٹی برائے مستقبل” تشکیل دی جائے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی کے رابطہ گروپ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے پر زور دیا اور کشمیری عوام کی خواہشات اور او آئی سی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کے حل میں او آئی سی کے اہم کردار پر زور دیا۔ اس دوران وزیر خارجہ نے آذربائیجان، بحرین، مالدیپ، موریطانیہ، عمان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے سے ملاقات کی۔ دریں اثنا وزیر خارجہ سے یو این اے او سی کے اعلیٰ نمائندے اور خواتین کی ترقی کے ادارے کی سیکرٹری جنرل نے بھی ملاقات کی۔