سیاسی کشیدگی، پاکستان بار کونسل نے ثالثی کی پیشکش کردی

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)پاکستان بار کونسل نے اپنی میزبانی میں ملک بھر کی تمام پارلیمانی جماعتوں کو انتخابات کے انعقاد سمیت اپنے دیگر تنازعات کوبات چیت کے ذریعے حل کروانے کے لئےʼʼ آل پارٹیز کانفرنس ʼʼمنعقد کرنے کی پیشکش کی ہے ، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ہارون الرشید اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی حسن رضا پاشا کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی بی سی نے ملک میں جمہوریت کے تسلسل اور آئین کی بالادستی کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے اور ماضی میں بھی پارلیمانی جماعتوں کے مابین ثالثی کے لیے آل پارٹیز کانفرنسز منعقد کی ہیں اور آئندہ بھی اس سلسلے میں اپنی خدمات جاری رکھے گی ، تمام پارلیمانی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرکے مہنگائی، کرنسی کی قدر میں کمی اور بے روزگاری وغیرہ پر توجہ دیں ،موجودہ حالات میں پاکستان بار کونسل آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرکے تمام پارلیمانی جماعتوں کی مرکزی قیادت کو اپنے تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کروانے اور تمام اسمبلیوں کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے اتفاق رائے قائم کروانے کے لئے، مدعو کرنے کے لیے تیار ہے۔