ایف بی آر کا شعیب شیخ کا گھر فروخت کر کے ٹیکس وصولی کا فیصلہ

18 مارچ ، 2023

کراچی (جنگ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایگزیکٹ چینل کے مالک شعیب شیخ کا گھر فروخت کر کے ٹیکس وصولی کا فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر نے شعیب شیخ کا کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بنگلا نمبر 35 اے فروخت سے روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے سب رجسٹرار کلفٹن کو بھی حکم دیا گیا ہے کہ بنگلا نمبر 35 اے فیز 5 فروخت نہیں ہو سکتا۔ ایف بی آر اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کراچی ٹیکس نادہندہ شعیب شیخ کا گھر فروخت کا عمل نہ ہونے دے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی شعیب شیخ کی جانب سے تمام بینک اکاؤنٹس سے پیسہ نکالنے کے بعد کی گئی۔ ذرائع کے مطابق شعیب شیخ ایف بی آر کے 14کروڑ 60 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں، ایف بی آر نے شعیب شیخ کے تمام اکاؤنٹس منسلک کر دیے ہیں، ایف بی آر کی نادہندہ رقم میں جرمانے کی رقم شامل نہیں ہے۔