عمران پیشی ،اسلام آبادہائیکورٹ کا سکیورٹی اقدامات کیلئے سرکلر جاری

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 21 مارچ کو ہائی کورٹ پیشی پر سکیورٹی سمیت دیگر اقدامات کیلئے سرکلر جاری کر دیا ہے۔ رجسٹرارآفس سے جاری سرکلر میں ضلع انتظامیہ کوسکیورٹی انتظامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورٹ روم نمبر 1 میں وکلا اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہو گا۔ عمران خان کیساتھ 15 وکلا کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہو گی جبکہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلا کمرہ عدالت جا سکیں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30 ممبران کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہو گی۔ سرکلر کے مطابق کمرہ عدالت میں داخلے کیلئے خصوصی پاس بنانے کیلئے 20 مارچ تک لسٹیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔اقدام قتل کے مقدمے میں عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر 21 مارچ کو دن اڑھائی بجے سماعت ہو گی۔