دستور کو سر بلند جمہوری کردار ، وفاقیت کو فروغ دینگے ، سینٹ گولڈن جوبلی اجلاس میں قرار داد منظور

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )ایوان بالا نے سینیٹ آف پاکستان کی گولڈن جوبلی کی کامیاب تقریبات کے موقع پر قراداد متفقہ طور پر منظور کر لی ،پی ٹی آئی کے ارکان نے اجلاس میں شرکت نہیں کی، گزشتہ روز سینٹ کے اجلاس کے دوران سنیٹر رضا ربانی نے تمام سنیٹرز کی جانب سے ایوان میں قرار داد پیش کی جس میں کہا گیا کہ سینٹ 50 سالہ تقریبات منانے کے لیے بلائے گئے اس یادگاری اجلاس کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے جس کا مقصد قومی ہم اہنگی، اتحاد اور شمولیتی عمل کو تقویت دینا ہے ، سینٹ دستور 1973 کےمعماروں ، سابق چیئرمین، سنیٹرز ،عملہ اور دیگر حصہ داروں کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے گزشتہ پچاس سالوں کے دوران سینٹ کو پارلیمانی روایات کے امین ایوان میں تبدیل کیا، سینٹ اس قرارداد کی تجدید کرتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کو سر بلند رکھیں گے اور ملک میں جمہوری کردار، وفاقیت، بردباری اور آئینہ جن کا تصور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے پیش کیا تھاکو فروغ دینگے، یہ ایوان عہد کرتا ہے کہ صوبائی اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ جنسی مساوات کے فروغ اور پاکستان میں جمہوری عمل کی استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، قومی مسائل پر بات چیت اور بحث و مباحثے کو فروغ دے گا اور اس پر عمل درآمد کے لئے حکومت کو رہنما اصول فراہم کرے گا،سینٹ سول سوسائٹی ، اکیڈیمیا ، نوجوانوں ،خواتین اور ذرائع ابلاغ سے مطالبہ کرتا ہے کہ پارلیمان کی کاروائی کو مزید شفاف، موثر ،آزادانہ اور لوگوں کی اعتماد کا مرکز بنانے کے لیے وہ اپنے تاثرات فراہم کیا کریں، سینٹ اس امید اور اعتماد کا اظہار کرتا ہے کہ پچاس سالہ یادگار تقریبات، صوبائی خودمختاری ،وفاقیت کے زریں اصولوں اور پاکستان کے لوگوں کی امنگوں کی پاسداری کے ضمن میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرینگے، یہ قرارداد چیئرمین سینٹ نے ایوان میں منظوری کیلئے پیش کی جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظور ی دیدی،اس سے قبل چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ جمہوریت کے ذریعے ہی لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے، ہم مل کر ہی اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں ، ایگزیکٹو، مقننہ، عدلیہ، میڈیا، سول سوسائٹی اور ہر فرد کو قومی ترقی اور پیشرفت کے لیے ہاتھ ملانا چاہیے، وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈارنے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان کا مستقبل روشن ہے جس طرح سینیٹ کی گولڈن جوبلی کی تقریبات کے تین روز یہاں امن ، نظم و ضبط اورایک دوسرے کا احترام اور برداشت کا کلچر دیکھا، اللہ کرے یہ سلسلہ ہمیشہ برقرار رہے ،وفاقی وزیر قانون و انصاف سنیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے تمام سیاسی قوتوں کوسر جوڑ کرسیاسی و معاشی ترقی کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے ،ملک کی معاشی صورتحال اور کرنسی میں اترچڑھائو کی وجہ سیاسی عدم استحکام اور غیرآئینی مداخلت ہے ،سنیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ، ہمیں ناانصافیاں ختم کرنا ہونگی کہ تمام کیلئے ایک قانون ہے ، سنیٹر منظور کاکڑ نے کہا عام آدمی ان ایوانوں کو دیکھ رہا ہے ، اپنی لڑائیاں لڑتے رہے تو عام آدمی کیلئے مزید مشکلات پیدا ہونگی ، ہمیں ایک پلیٹ فارم پر آنا ہو گا ،جمہوریت اور آئین کی بات کرنا ہو گی آئین کو بالادست بنانا ہو گا، سنیٹر شمیم آفریدی نے کہا کہ کوئی طریقہ ایسا نکالیں کہ لوگوں کو آٹا مہیا کر دیں ، اگر لوگوں کو آٹا نہ ملا تو ہم ہونگے نہ یہ پارلیمنٹ ہو گا،سنیٹر پلوشہ نے کہا پاکستانی قوم اور حکومت کو مشکل لمحے کا سامنا ہے مگر ایٹمی اثاثوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،سنیٹر قاسم نے آج جو حالات ہیں اس سے سبق سیکھناہے کہ جمہوریت کیلئے ڈائیلاگ ضروری ہیں ، اس سے ہی ملک کو آگے لے جایا جاسکتا ہے ، سنیٹرساجد میر نے کہا کہ فوج، عدلیہ اپنے دائرہ کار میں نہیں رہے جس کی وجہ سے خرابیاں پیدا ہوئیں ، نظریہ ضرورت کےمطابق فیصلے کئے ،سنیٹر ہلال الرحمان نے کہا گولڈن جوبلی کے اقدامات پر چیئرمین سینٹ سمیت تمام ٹیم کو مبارک باد دی۔