عمران لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ہم لاشیں کیوں دیں،خواجہ آصف

18 مارچ ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران ان لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ہم اسے لاشیں کیوں دیں، ماہر قانون عمران شفیق نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان پر فرد جرم عائد کرنا عدالت کی صوابدید پر ہوگا، نمائندہ دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ دوست ممالک نے اگست میں پاکستان کو اضافی فائنانسنگ کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک اس پر عمل نہیں کیا، وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مریم نواز نے پریس کانفرنس میں کوئی بات غلط نہیں کہی ہے، عمران خان کے پچھلے دس سال دیکھ لیں مریم نواز کی بات غلط نہیں ہے، نواز شریف پر سسیلین مافیا کا لیبل لگایا گیا کیا اس کی آج کوئی نئی تشریح کی جاسکتی ہے، کیا توہین عدالت کے وہ کیسز جن میں معافی مانگنے کے باوجودلوگوں کو نااہل کیا گیا کیا ان کی کوئی نئی تشریح کی جاسکتی ہے، عمران خان نے ایک ڈاکو کو ساتھ بٹھایا ہوا ہے، چوہدری پرویز الٰہی زمان پارک میں نظر نہیں آیا لیکن اسے پارٹی صدر بنادیا، عمران خان کا ہر چار دن بعد بیانیہ بدل جاتا ہے، سائفر سے لے کر مذاکرات کی پیشکش تک عمران خان نے کتنے بیانیے بدلے ہیں، عمران خان نے کچھ دن پہلے تک کیا زبان بولی اور آج بات کرنے کیلئے تیار ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے مل بیٹھنے کی بات کی وہ وزیراعظم کے مرتبہ کا تقاضا ہے، ن لیگ میں کوئی اختلاف نہیں ہے، نواز شریف نے پارٹی میں ڈکٹیشن نہیں رکھی ہے، پی ٹی آئی میں کوئی عمران خان سے اختلاف کی جرأت نہیں کرسکتا ہے، 2017-18ء میں ہمارے ساتھ کیا ہوا آج عمران خان کے ساتھ کیا ہورہا ہے، عمران خان کو گرفتار کرلیتے مگر اس کی قیمت دو چار جانوں کی صورت ادا کرنا پڑتی، عمران خان کا ماضی دیکھتے ہوئے بات چیت میں ہمیں بے حد محتاط رہنا پڑے گا، عمران خان سے مذاکرات کی صورت میں ہمیں سیاسی نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے، عمران خان نے ایکسیڈنٹ میں فوت ہونے والے ظل شاہ کی جعلی اسٹوری بنائی، عمران خان لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ہم اسے لاشیں کیوں دیں، میرے نزدیک عمران خان کی بالکل بھی ساکھ نہیں ہے، تحریک عدم اعتماد کی رات عمران خان،ڈپٹی اسپیکر اور صدر مملکت نے آئین توڑا، ہم نے سیکیورٹی اور کووڈ کی میٹنگوں میں ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹہ اس کا انتظار کیا یہ نہیں آتا تھا۔ ماہر قانون عمران شفیق نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان پر فرد جرم عائد کرنا عدالت کی صوابدید پر ہوگا، پی ٹی آئی وکلاء کا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جس شخص نے درخواست دائر کی ہے اسے اختیار حاصل نہیں تھا، توشہ خانہ کیس دستاویزی شہادت کا ہے الیکشن کمیشن نے بھی صرف دو گواہ پیش کیے ہیں، الیکشن کمیشن پہلے ہی توشہ خانہ معاملہ پر لمبی کارروائی کرچکا ہے جس کا فیصلہ موجود ہے، توشہ خانہ کیس میں دو تین گواہوں اور ملزم کے بیان او ر شہادت پیش کرنے میں دو تین ماہ سے زیادہ نہیں لگیں گے، عمران خان کے وکلاء پہلے ہی توشہ خانہ کیس میں کافی تاخیر کرچکے ہیں اب مزید چانس نہیں ملے گا۔نمائندہ دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ دوست ممالک نے اگست میں پاکستان کو اضافی فائنانسنگ کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک اس پر عمل نہیں کیا، آئی ایم ایف نے پاکستان کو واضح کردیا ہے دوست ممالک سے فائنانسنگ سوفیصد کنفرم کیے بغیر اسٹاف لیول ایگریمنٹ نہیں ہوگا، پاکستان کی غیریقینی سیاسی صورتحال اور اعتماد کا فقدان مل کر مشکل صورتحال بنارہی ہے، چین کی طرف سے تقریباً دو بلین ڈالرز کی ری فائنانسنگ ہوگئی ہے، چین نے اس کے علاوہ دو بلین ڈالرزڈپازٹ کی یقین دہانی بھی کروادی ہے۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کئی دنوں کی ہنگامہ آرائی اور افراتفری کے بعد آج توشہ خانہ کیس میں عمران خا ن کی پیشی کی تاریخ ہے،عمران خان اس پیشی تک اپنی گرفتاری کی کوشش کو ناکا م بناچکے ہیں ساتھ ہی اپنی شرائط بھی منواچکے ہیں، اہم بات یہ ہے کہ عمران خان پھر دو اعلیٰ عدالتوں سے تیزی سے ریلیف پر ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ریفرنس میں پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا اور ان کی انڈرٹیکنگ قبول کرلی، پھر لاہور ہائیکورٹ نے انسداد دہشتگردی کے کئی مقدمات میں عمران خان کو حفاظتی ضمانت دیدی ہے، عمران خان نے اپنی پیشی سے پہلے کارکنوں کو زمان پارک بلالیا تاکہ پہلے کی طرح کارکنوں کا ہجوم لے کر عدالت میں جاسکیں، اس کے بعد عدالت ایک بار پھر عمران خان کی آمد کا انتظار کرتی رہی ،شام چھ بجے کے قریب عمران خان لاہور ہائیکورٹ پہنچے جہاں پی ٹی آئی کارکنوں اور وکلاء نے پھر بدنظمی دکھائی اور لاہور ہائیکورٹ کی دیواروں پر چڑھ گئے۔شاہزیب خانزادہ کا تجزیہ میں کہنا تھا کہ عمران خان نے گزشتہ روز کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں تو گرفتاری کیلئے تیار تھا،اپنا بیگ پکڑ کر گرفتاری دینے گیا تو اچانک کارکن دیوار بن کر آگے کھڑے ہوگئے اور کہنے لگے آپ نے نہیں جانا یہ آپ کو مار دیں گے، لیکن اس سے پہلے یاسمین راشد کی صدر مملکت عارف علوی کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک سامنے آچکی تھی، جس میں یاسمین راشد کہہ رہی تھیں کہ آپ خان صاحب کو سمجھائیں وہ گرفتاری دیدیں جبکہ اعجاز شاہ کے ساتھ بھی ایک مبینہ آڈیو لیک میں یاسمین راشد کہہ رہی تھیں کہ خان صاحب نے کہہ دیا ہے جو رہنما اپنے ساتھ کارکن لے کر زمان پارک نہیں پہنچے گا اسے آئندہ ٹکٹ نہیں دوں گا۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے حکومت کے بیانیہ میں بھی تضاد ہے، پہلے چودہ مارچ کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ آج عمران خان کو باہر نکالیں گے اور گرفتار کریں گے، لیکن جب پولیس عمران خان کو گرفتا ر کرنے میں ناکام رہی تو رانا ثناء اللہ نے ہمارے ہی شو میں کہا کہ ہماری ترجیح عمران خان کو گرفتار کرنا نہیں انہیں عدالت میں پیش ہونے پر مجبور کرنا ہے۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ ایک او ر ہفتہ گزر گیا اس ہفتے بھی وزیرخزانہ اسحاق ڈا ر کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ نہیں ہوا، آئی ایم ایف معاہدہ کیلئے دوست عرب ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سے ابھی تک اس فنڈنگ کی گارنٹی نہیں ملی ہے جس کی آئی ایم ایف ڈیمانڈ کررہا ہے، صرف چین نے پاکستان کو پیسے دیئے ہیں۔