اسلام آباد کا نام تجویز کرنیوالے قاضی عبدالرحمٰن امرتسری کے ورثاء کو پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر پیش

18 مارچ ، 2023

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کا نام تجویز کرنے والے قاضی عبدالرحمٰن امرتسری کی خدمات کا قومی سطح پر اعتراف کیا ہے اور پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کا ان سے کیا ہوا وعدہ پورا کرتے ہوئے سی ڈی اے کی تجویز پر ان کے ورثاء کو پارک انکلیو اسلام آباد میں پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر پیش کر دیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قاضی عبدالرحمٰن امرتسری کی پاکستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، ایسی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں جو اپنے محسنوں کو فراموش کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو اسلام آباد کی پہچان دینے والے سکول ٹیچر قاضی عبدالرحمٰن امرتسری کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے سی ڈی اے حکام کو آئندہ 24 گھنٹے میں باقی کی کارروائی مکمل کرکے ورثاء کو پلاٹ کا قبضہ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ اس موقع پر چیئر مین سی ڈی اے نور الا مین مینگل اور سینئر صحافی حامد میر بھی موجود تھے۔