انٹر بینک میں ڈالر 282روپے سے کم

18 مارچ ، 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر)چین کی قرضوں کی موخر ادائیگیوں کی سہولت اور مسلسل پانچویں ہفتے ذرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے جیسے عوامل کے باعث جمعہ کو بھی ڈالر بیک فٹ پر رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 282روپے سے نیچے آگیا جبکہ اوپن ریٹ بھی گھٹ کر 285روپے کی سطح پر آگیا ماہرین کاکہنا ہے کہ ماہ فروری میں درآمدات کا حجم 4ارب ڈالر تک محدود ہونے اور ہر سال کی طرح ماہ رمضان المبارک کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی آمد بڑھنے جیسے عوامل کے سبب انٹربینک میں ڈالر 280 سے 282روپے کی تیکنیکی سطح کے گرد گھوم رہا ہے یہی وجہ ہے کہ جمعہ کو انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانئیے میں ڈالر بیک فٹ پر رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 92پیسے کی کمی سے 281.75روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 71پیسے کی کمی سے 281.71روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50پیسے کی کمی سے 285روپے کی سطح پر بند ہوئی۔