گنداواہ : باراتیوں کی ویگن پر فائرنگ ‘باپ بیٹے سمیت ایک ہی خاندان کے4افرادجاں بحق

19 مارچ ، 2023

گنداواہ( نامہ نگار)گنداواہ میں باراتیوں سے بھری ویگن پردو موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت ایک ہی خاندان کے 4افراد جاں بحق اور 4زخمی ہوگئے، دلہا دلہن واقعہ میں معجزانہ طورپر محفوظ رہے، ملزمان واقعہ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، وزیرداخلہ نے ڈی سی سے رپورٹ طلب کرکے ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کردی، تفصیلات کےمطابق اوستہ محمد سے گنداواہ کے علاقے گوٹھ کھاری آنے والی باراتیوں سے بھری ویگن پر سوہیجہ لیویز چوکی کے قریب دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4افراد جدید اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کرکے فرارہوگئے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چارافراد دوسالہ بچہ رضوان ولد میر حسن ‘اس کا والد میر حسن ولد سہراب‘عرض محمد ولد درجان اور مائی موتاں زوجہ نیازل موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ جمال الدین ولد جنگی خان،احسان اللہ ولد جنگی خان اور ثنااللہ ولد بالاچ خان زخمی ہو گئےاے سی جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ،رسالدار عبدالحکیم ابڑونے لیویز اہلکاروں کے ہمراہ لاشوں اورزخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال گنداواہ منتقل کیاجہاں زخمیوں کوطبی امداددینے کے بعد مزید علاج کیلئے لاڑکانہ منتقل کردیاگیاجبکہ لاشیں ضروری کارروائی کے بعدلواحقین کے حوالے کردی گئیں ہیں واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایاجاتاہے ۔دریں اثناء صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو جھل مگسی میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئےملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے اورکہاہےکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائےلواحقین کو انصاف کی فوری فراہمی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔